اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ہیپاٹائٹس اے کا پھیلاؤ

ایک خبر کے مطابق کراچی میں چکن گونیا کے بعد بچوں میں ہیپا ٹائٹس اے کا مرض بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ہیپاٹائٹس اے ایک متعدی انفیکشن ہے جو جگر کی سوزش کا باعث بنتا ہے۔ یہ انفیکشن صفائی ستھرائی کے ناقص انتظام‘ آلودہ خوراک اور آلودہ پانی کی وجہ سے پھیلتا ہے۔ہیپاٹائٹس اے کی علامات میں آنکھوں کا پیلاپن‘ قے آنا‘ بخار‘ گلے اور پیٹ میں درد شامل ہے۔ ماہرینِ صحت اس بیماری سے بچاؤ کیلئے صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری اور اچھی طرح پکا ہوا کھانا کھانے اور اُبلا ہوا پانی پینے پر زور دیتے ہیں ۔ علاوہ ازیں بچوں کو اس انفیکشن سے محفوظ رکھنے کیلئے ہیپا ٹائٹس اے کی ویکسی نیشن کرانا بھی بہت ضروری ہے۔ اپنے بچوں کو ہیپاٹائٹس اے سمیت دیگر متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے بروقت لگوانا والدین کی ذمہ داری ہے۔اس بیماری کے پھیلاؤ کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس اے اور ہیپاٹائٹس ای کی تشخیصی کٹس دستیاب نہ ہونے کا انکشاف بھی ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کو اس مرض کی جلد تشخیص میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔متعلقہ حکام کو سرکاری ہسپتالوں میں ہیپا ٹائٹس اے کی تشخیصی کٹس کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی بھی یقینی بنانی چاہیے تاکہ اس مرض کی جلد تشخیص سے بروقت علاج ممکن ہو سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں