اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

اینٹی ریبیز ویکسین بھی مہنگی

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی ادارۂ صحت کی جانب سے تیارہ کردہ اینٹی ریبیز (کتے کے کاٹے کی ویکسین) کی قیمت میں 122 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے‘اس طرح ویکسین کی قیمت 891سے بڑھ کر 1980روپے ہو گئی ہے۔ ای سی سی نے اینٹی ریبیز ویکسین کی قیمت میں اضافے کی وجہ ویکسین کی تیاری میں استعمال ہونے والے درآمدی مواد کی بڑھتی لاگت کوقرار دیا ہے لیکن حکام کو یہ پہلو بھی مدِنظر رکھنے کی ضرورت ہے کہ کم ترین قوتِ خرید کے ساتھ عوام کے لیے اتنی مہنگی ویکسین خریدنا ممکن نہیں۔ ہمارے ملک میں کتے کے کاٹنے کے واقعات بہت عام ہیں۔ قومی ادارۂ صحت کے مطابق گزشتہ برس ملک میں کتے کے کاٹنے کے 35ہزار کیس رپورٹ ہوئے تھے‘ ان کیسوں میں پنجاب کا ڈیٹا شامل نہیں کیونکہ پنجاب میں سرکاری سطح پر ایسا کوئی ڈیٹا مرتب ہی نہیں کیا گیا۔ سگ گزیدگی کا مسئلہ اتنا عام ہونے کے باوجود اکثر ہسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین  دستیاب نہیں ہوتی جس کی وجہ سے کئی شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ آوارہ کتوں کی ویکسی نیشن‘ نس بندی‘ تلفی اور اینٹی ریبیز ویکسین کی فراہمی جیسے اقدامات سے اس ضمن میں جانی نقصان کو روکا جا سکتا ہے‘لیکن اس مسئلے سے حکومتی بے اعتنائی اور اینٹی ریبیز ویکسین کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد یہ خدشہ ہے کہ پہلے جو لوگ اینٹی ریبیز ویکسین میسر نہ ہونے کی وجہ سے مر رہے تھے وہ اب ویکسین پہنچ میں نہ ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں