اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ

ادارۂ شماریات کے مطابق اگست میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 13 فیصد اضافے کے ساتھ 1.64 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں‘ جو 26 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔ اگرچہ ٹیکسٹائل برآمدات کے فروغ کا ایک بڑا سبب بنگلہ دیش میں سیاسی عدم استحکام اور بین الاقوامی پابندیوں کے نتیجے میں چین کی مصنوعات کی طلب میں کمی ہے مگر حقیقت ہے یہ کہ تین سال قبل ٹیکسٹائل کا شعبہ سالانہ 31 ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ کما رہا تھا مگر پھر مہنگی توانائی‘ غیر متوازن پالیسیوں اور حکومتی سرپرستی کے خاتمے کے سبب ٹیکسٹائل کے شعبے میں شدید گراوٹ دیکھی گئی۔اس دوران روپے کی قدر میں تنزل‘ بلند شرحِ سود اور مہنگی توانائی کے سبب پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا اور پاکستان خطے کے دیگر ممالک سے مسابقت کی دوڑ میں پیچھے رہ گیااور یہ شعبہ مسائل کے انبار تلے دب گیا۔ نتیجتاً ہزاروں ٹیکسٹائل یونٹ بند اور لاکھوں مزدور بیروزگار ہو گئے۔ ٹیکسٹائل کا شعبہ اب بحالی کی جانب گامزن ہے تو اس میں تسلسل اسی وقت ممکن ہے جب حکومت اس شعبے کو درپیش مسائل کا ازالہ کرے۔ زرمبا دلہ اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے یہ شعبہ اپنی صلاحیت متعدد بار منوا چکا ہے‘ ضرورت ہے کہ حکومت اپنی پالیسیوں کو صنعت دوست بنائے‘ نیز خام مال کی دستیابی اور سستی توانائی کی مسلسل فراہمی یقینی بنا کر بہتری کے تسلسل کو جاری رکھا جا سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں