اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

انٹرنیٹ کی سست رفتار

انٹرنیٹ کی رفتار کے حوالے سے درجہ بندی کرنیوالے ایک عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اکتوبر میں عالمی سطح پر سب سے سست انٹرنیٹ رفتار والے ممالک میں شامل رہا۔ اس درجہ بندی میں پاکستان کو موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں 111ممالک میں سے 100ویں اور براڈ بینڈ کی رفتار میں 158ممالک میں سے 141ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ یہ امر باعثِ تشویش ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار فلسطین اور لبنان جیسے جنگ زدہ‘ لیبیا اور عراق جیسے جنگ سے متاثرہ اور گھانا اور بھوٹان جیسے پسماندہ ممالک سے بھی بہت سست نوٹ کی گئی ہے۔ ورلڈ پاپولیشن ریویو کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موبائل انٹر نیٹ کی اوسط سپیڈ 19.59اور براڈ بینڈ کی اوسط سپیڈ 15.52ایم بی فی سکینڈ ہے۔ متحدہ عرب امارات انٹر نیٹ سپیڈ کے حوالے سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جہاں موبائل نیٹ کی سپیڈ 297جبکہ براڈ بینڈ کی سپیڈ 398ایم بی فی سکینڈ ہے۔ ملک میں انٹر نیٹ کی سست رفتاری اور آئے روز کی بندش کی وجہ سے آن لائن کام کرنے والے افراد کا روزگار متاثر ہوتا ہے۔ آئی ٹی کی برآمدات پانچ ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کی خواہاں حکومت کو ادراک ہونا چاہیے کہ انٹرنیٹ کی رفتار میں بہتری کے بغیر ایسا ممکن نہیں۔ حکام کو چاہیے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی بہتر رسائی کیلئے بلاتاخیر اقدامات کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں