اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پچھلے پانچ روز کے دوران سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 43 خوراج مارے گئے ہیں۔ ان آپریشنز سے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گرد گروہوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائیاں اُس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں امن بحال اور خوراج دہشت گردوں کا مکمل صفایا نہیں ہو جاتا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب نومبر میں اکتوبر کے مقابلے میں دہشت گردی کے واقعات میں 27 فیصد اور دہشت گردی کی وجہ سے ہونے والی اموات میں 69 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وطنِ عزیز کو دہشت گردی کی ایک ایسی خطرناک لہر کا سامنا ہے جس کی وجہ سے رواں برس اب تک 573 شہری اور 682 سکیورٹی فورسز کے اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جوابی کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز نے 797 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ایک طرف افواجِ پاکستان کے جوان ہیں جو دفاعِ وطن کی خاطر جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں اور دوسری طرف ختم نہ ہونے والا سیاسی عدم استحکام ہے‘ دہشت گرد عناصر جس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اس لیے سیاسی‘ مذہبی اور نظریاتی سطح پر تمام طبقات کو یکسو ہو کر اس کے خلاف میدانِ عمل میں آنا ہو گا تاکہ امن دشمنوں کو اپنے مذموم عزائم پورے کرنے کا موقع نہ ملے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں