اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

والدین کا غیر ذمہ دارانہ رویہ

ملک میں جاری پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کا تہیہ کیا گیا ہے لیکن کچھ والدین کی غفلت اور پولیو ٹیم سے عدم تعاون کی وجہ سے یہ ہدف حاصل ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک خاندان نے نہ صرف اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا بلکہ انسدادِ پولیو ٹیم پر حملہ بھی کیا جس سے دو خواتین پولیو ورکرز اور دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے‘ واقعہ میں ملوث چھ افراد کی گرفتاری عمل میں آ چکی ہے۔ گزشتہ روز لاہور میں بھی اپنے بچے کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی خبریں آ چکی ہیں ۔ والدین کا یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ پولیو کے خاتمے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر بلوچستان کے حکام پولیو ویکسی نیشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو رواں برس ملک میں پولیو کیسوں میں اضافے کا ذمہ دار قرار دے چکے ہیں۔ حکومت کو والدین کے پولیو ویکسی نیشن کے حوالے سے خدشات اور تحفظات دور کرنے کے لیے ایک مربوط آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ پھر بھی جو والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلائیں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں