قذاقی سٹڈیم کی تعمیر ِنو
لاہور میں قذافی سٹیڈیم کی تعمیر ِ نو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ریکارڈ مدت میں تعمیراتی کام مکمل کرنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ اَپ گریڈیشن کے بعد قذافی سٹیڈیم میں شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش 27 ہزار سے بڑھ کر 35 ہزار ہو گئی ہے۔ قبل ازیں 1996ء کے کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل سٹیڈیم کی تعمیر و توسیع کا کام کیا گیا تھا اور 1996ء کے کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل اسی سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ اب 29 سال بعد ایک بڑے انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹ سے قبل سٹیڈیم کی تعمیر و تزئین کو 117 دن کی کم ترین مدت میں مکمل کیا گیا ہے جبکہ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ سے سٹیڈیم کا باقاعدہ افتتاح ہو جائے گا اور رواں ماہ شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے میچز بھی اس سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ گزشتہ برس کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی غیر تسلی بخش تھی جس کے بعد پی سی بی نے بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے نئے سرے سے ٹیم کی تشکیل کی۔ اب ہوم گرائونڈ پر ایک بڑے کرکٹ ایونٹ میں لامحالہ قومی ٹیم کو ایک دبائو کا سامنا ہو گا‘ تاہم ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے اور کھلاڑیوں میں جیت کی تڑپ اور اس کیلئے محنت ہی سپورٹس کی اصل روح ہوتی ہے۔ امید ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے حوصلہ افزائی اور تبدیلیوں کے بعد قومی ٹیم کی جانب سے بہتر کھیل دیکھنے کو ملے گا۔