اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بلدیاتی انتخابات میں تاخیر

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے قانون سازی میں مسلسل تاخیر پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں آخری بلدیاتی حکومت کی مدت فروری 2021ء میں ختم ہوگئی تھی مگر چار برس سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود وفاقی حکومت وہاں بلدیاتی انتخابات منعقد نہیں کروا سکی۔ اس دوران الیکشن  کمیشن متعدد بار حلقہ بندیاں مکمل کر کے انتخابی شیڈول بھی جاری کر چکا لیکن ہر بار لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کے نام پر انتخابات مؤخر کر دیے گئے۔ اس طرزِ عمل سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت کی طرف سے دانستہ طور پر بلدیاتی انتخابات میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ مقامی حکومتیں شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی ضمانت ہوتی ہیں۔اس لیے حکومت کو چاہیے کہ جس طرح دیگر کئی قوانین کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کیا جاتا ہے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم جیسے اہم قانون کی بھی فوری منظوری دی جائے تاکہ عوام مقامی حکومتوں کے ثمرات سے فائدہ اٹھا سکیں۔مگرمقامی حکومتوں سے چشم پوشی کی روش کافی پرانی ہے۔ ماضی میں بھی شاذ و نادر ہی کوئی ایسا موقع آیا جب بلدیاتی انتخابات وقت پر کرائے گئے‘ بیشتر مواقع پر اعلیٰ عدالتوں کے حکم پر ہی ایسا ہوا۔ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے حکومت پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے زور دے تاکہ عوام کو ان کا بنیادی حق مل سکے اور جمہوری عمل مضبوط ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں