فتح میزائل تجربہ
زمین سے زمین پر مار کرنے والے فتح میزائل کے کامیاب تجربے سے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ فتح میزائل کا تجربہ ملک میں جاری ’انڈس‘ فوجی مشقوں کے دوران کیا گیا۔ حالیہ دنوں افواجِ پاکستان کی جانب سے یہ دوسرا کامیاب میزائل تجربہ ہے۔ہفتے کے روز450 کلومیٹر رینج والے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔ فتح میزائل کی کامیابی بھی پاکستان کی دفاعی خود انحصاری اور ترقی کا مظہر ہے۔ دفاعی حوالے سے اس بڑی کامیابی پر عسکری قیادت اور تکنیکی ماہرین مبارکباد کے مستحق ہیں۔اس کامیاب تجربے سے قوم کامورال مزید بلند اور اعتماد مستحکم ہوا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کیلئے ملک کی دفاعی طاقت وقت کا تقاضا ہے۔ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے صرف درآمدی ہتھیاروں پر انحصار کے بجائے پاکستان اپنے تکنیکی ماہرین کی صلاحیتوں سے اس میدان میں خود انحصار ہے۔ ایٹمی طاقت ہونے کے علاوہ پاکستان اپنے انجینئرز کی تکنیکی مہارت اور لگن کے باعث روایتی ہتھیاروں کے حوالے سے بھی دنیا کی بڑی عسکری طاقتوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ مضبوط دفاعی صلاحیت عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو بلند کرتی ہے اور دوست ممالک کیساتھ تزویراتی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی اسکا اہم کردار ہے۔