اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

چالان نہیں ایف آئی آر!

لاہور ٹریفک حکام کی جانب سے ٹریفک قوانین کی پانچ بڑی خلاف ورزیوں پر جرمانے کے بجائے ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ون وے کی خلاف ورزی‘ بغیر رجسٹریشن وہیکل‘ خطرناک باڈیز‘ اوور لوڈنگ اور کم عمر ڈرائیورز کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں‘ ان کے خلاف کارروائی اب محض چالان تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ایف آئی آر بھی درج کرائی جائے گی۔ یہ فیصلہ ایسے وقت پہ کیا گیا ہے جب حال ہی میں لاہور میں ایک خوفناک ڈمپر حادثے میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ کم عمر ڈرائیوروں کے حادثات کی خبریں بھی آئے روز سننے کو ملتی ہیں۔ ون کی خلاف ورزی اور بغیر رجسٹریشن گاڑی چلانے کے مناظر بھی عام ہیں‘ جس کی وجہ سے متعدد کوششوں کے باوجود ٹریفک مسائل حل ہونے کے بجائے زیادہ سنگین صورت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ سڑک پر ذرا سی غفلت اور غلطی مہلک حادثات کا سبب بن جاتی ہے۔ اس صورتحال میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر چالان کے بجائے مقدمہ درج کرنا اس لحاظ سے ایک درست اقدام معلوم ہوتا ہے کہ اس سے قانون کی عملداری میں بہتری آئے گی۔ دیگر صوبوں کو بھی ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی لانے کیلئے اس تجربے سے سبق سیکھنا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں