اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

گرمی اور لوڈ شیڈنگ

ملک کے بیشتر شہروں میں ہیٹ ویو کی حالیہ لہر کی وجہ سے گرمی کی شدت ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے۔ ایسے میں اگر بجلی نہ ہو تو یہ موسم قیامت صغریٰ سے کم نہیں۔مگر اس موسم میں بھی لاہور اور اس سے ملحقہ اضلاع میں بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے۔ دیہی علاقوں میں روزانہ چھ سے آٹھ گھنٹے جبکہ شہری علاقوں میں چار سے چھ گھنٹے بجلی بند ہو رہی ہے۔ بجلی تقسیم کار کمپنی کے مطابق یہ لوڈ شیڈنگ صرف اُنہی فیڈرز تک محدود ہے جہاں بجلی چوری اور ریکوری کے مسائل ہیں اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ سے زیادہ چار گھنٹے تک محدود ہے۔ اگر اس توجیہ کو درست مان لیا جائے تو بھی ان علاقوں میں ہزاروں ایسے صارفین بھی بستے ہیں جو نہ صرف بجلی چوری نہیں کرتے بلکہ باقاعدگی سے بل بھی ادا کرتے ہیں لیکن یہ صارفین بھی اجتماعی سزا کا نشانہ بن رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ لوڈ مینجمنٹ کے نام پر لوڈ شیڈنگ کا یہ سلسلہ بند کیا جائے اور بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں اور عدم ادائیگی کی صورت میں انہیں جیل کی ہوا کھلائی جائے تاکہ ایماندار بجلی صارفین کو اس شدید گرم موسم میں لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں