اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

معمول سے زیادہ بارشوں کا انتباہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کو بریفنگ میں کہا ہے کہ رواں سال مون سون میں ملک میں 300 ملی میٹر تک بارشیں ہو سکتی ہیں ۔ خاص طور پر پنجاب میں معمول سے 50 سے 60 فیصد اور بلوچستان میں 70 سے 80 فیصد زائد بارشیں ہو سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا یہ انتباہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے فوری اقدامات کا متقاضی ہے۔ گزشتہ برس بھی این ڈی ایم اے نے مون سون کا سیزن شروع ہونے سے پیشتر ہی معمول سے زیادہ بارشوں کا انتباہ جاری کیا تھا لیکن اسکے باوجود انتظامیہ کی جانب سے روایتی سستی کا مظاہرہ کیا گیا جس سے بارشوں سے ہونیوالے مختلف حادثات میں 100سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ این ڈی ایم اے کے حالیہ انتباہ کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ برساتی نالوں کی بروقت صفائی کر لی جائے تاکہ نقصانات میں ہر ممکن حد تک کمی لائی جا سکے اور بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے بھی فوری اقدامات کرنے چاہئیں اور جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنا چاہیے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بارشوں کا روایتی نظام بھی متاثر ہوا ہے اور اب بہت کم وقت میں بہت زیادہ بارش ہو جاتی ہے اور ازکارِ رفتہ نکاسی کا نظام اس پانی کو سنبھال نہیں پاتا۔ ضروری ہے کہ اُن علاقوں میں بڑے بڑے تالاب اور آبی ذخائر پر بھی کام کیا جائے جہاں زیادہ بارشوں کا امکان ہے تاکہ بارشوں کے بعد پانی کی قلت کے دور میں یہ ذخیرہ شدہ پانی زرعی و گھریلو مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں