اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

آئی ٹی برآمدات

رواں مالی سال کے دوران آئی ٹی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کی برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے۔ اقتصادی سروے کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا مارچ کے دوران آئی ٹی خدمات کی برآمدات سالانہ بنیادوں پر 24 فیصد اضافے کے بعد دو ارب 82کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں‘ جبکہ اس شعبے میں دو ارب 40کروڑ ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل ہوا۔ تاہم اگر اس کامیابی کو عالمی تناظر میں پرکھا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کی موجودہ سطح اس شعبے کی حقیقی استعداد سے بہت کم ہے۔ مثلاً بھارت کی سالانہ آئی ٹی برآمدات 2023ء میں تقریباً 194 ارب ڈالر تھیں جبکہ پاکستان اب تک پانچ ارب ڈالر کا ہدف بھی حاصل نہیں کر سکا۔ یہ فرق صرف ٹیکنیکل انفراسٹرکچر یا مارکیٹ حجم کا نہیں بلکہ پالیسی‘ ترجیحات‘ انسانی وسائل کی تربیت اور آئی ٹی کلچر کو ادارہ جاتی سطح پر فروغ دینے کا ہے۔آئی ٹی سیکٹر امکانات سے بھرپور شعبہ ہے لیکن اسکو ملکی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ریاستی وژن‘ سرمایہ کاری‘ پالیسی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی حمایت بہت ضروری ہے۔ اگر پاکستان آئی ٹی برآمدات کے اس مثبت رجحان کو ایک ہمہ گیر ڈیجیٹل پالیسی میں ڈھال لے تو نہ صرف ڈیجیٹل معیشت میں استحکام آئے گا بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار اور خود انحصاری کے دروازے بھی کھل جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں