سٹاک ایکسچینج کا ریکارڈ
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کاروباری سرگرمیوں نے اُس وقت نہایت پُرجوش اور غیر متوقع رخ اختیار کیا جب کے ایس ای 100انڈیکس ایک لاکھ 26ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کر گیا۔ بدھ کے روز بھی وفاقی بجٹ کے بعد سٹاک مارکیٹ میں 2328 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا‘ جس نے سرمایہ کاروں میں خوشگوار اعتماد پیدا کیا۔ سٹاک ایکسچینج کے حصص کا ریکارڈ سطح پر پہنچنا نہ صرف سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کی طرف پیش رفت کا مثبت اشارہ بھی ہے۔ تاہم محض سٹاک مارکیٹ میں بہتری کا رجحان ملکی معیشت کی مکمل صحت یابی کی علامت نہیں بلکہ اسے ایک ابتدائی اشارہ سمجھنا چاہیے‘ اور حکومت کو چاہیے کہ وہ اس اعتماد کو قائم رکھنے کے لیے پالیسیوں میں تسلسل‘ ٹیکس اصلاحات اور سرمایہ کاری دوست ماحول کو مزید فروغ دے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے حقیقی محرکات جیسے زراعت‘ صنعت‘ برآمدات‘ ٹیکنالوجی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار‘ جو معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘ ان پر بھی توجہ دینا ناگزیر ہے تاکہ معیشت مجموعی طور پر متوازن اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ علاوہ ازیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے خدشات دور کرنے‘ داخلی استحکام یقینی بنانے اور معاشی فیصلوں کو سیاسی مداخلت سے پاک رکھنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ صرف وقتی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر ترقی کا راستہ ہموار کیا جا سکے۔