بھارتی عزائم ناکام
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے بھارتی دھونس کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کو نہ صرف گرے لسٹ میں شامل کرنے سے انکار کردیا ہے بلکہ اسے وائٹ لسٹ میں برقرار رکھ کر پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات پر اعتماد کا اظہار بھی کیا ہے۔ وطن عزیز کی عالمی سفارتی محاذ پر اس کامیابی نے نہ صرف بھارت کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے بلکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتی حکمت عملی کی پختگی کو بھی اجاگر کیا ہے۔ گزشتہ ماہ جنگی محاذ پر منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف سفارتی جنگ شروع کر دی تھی جس کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان کو تنہا‘ غیر ذمہ دار اور دہشت گردی کے معاون ملک کے طور پر پیش کرنا تھا۔ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی مہم بھی اسی منفی سفارتی حکمت عملی کا حصہ تھی لیکن چین‘ ترکی اور جاپان کی اصولی حمایت کے باعث بھارت کا یہ پروپیگنڈا بھی ناکام ہو گیا۔ فیٹف کا یہ فیصلہ نہ صرف پاکستان کی کامیاب سفارتی کاوشوں کا بین ثبوت ہے بلکہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کے خلاف ایک عالمی ردِعمل بھی ہے۔ تاہم یہ حالیہ کامیابی اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ بھارت کے صرف جھوٹے بیانیے ہی نہیں بلکہ اس کی آبی دہشت گردی جیسے سنگین اقدامات کو بھی عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ دنیا کو معلوم ہو سکے کہ بھارت نہ صرف خطے کے امن بلکہ پانی جیسے بنیادی انسانی حق پر بھی حملہ آور ہے۔