قومی ہاکی ٹیم کی کامیابی
قومی ہاکی ٹیم نے نیشنز کپ کے سیمی فائنل میں فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی بار اس ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ صرف ایک میچ کی جیت نہیں بلکہ اُس کھیل کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے جو پاکستان کا قومی کھیل ہے اور کبھی پاکستان کی پہچان ہوا کرتا تھا۔ کوالالمپور میں کھیلے گئے اس سیمی فائنل میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ تین تین گول سے برابر رہا اور میچ کا حتمی فیصلہ پینلٹی شاٹ آؤٹ میں ہوا۔ پینلٹی شاٹ آؤٹ کے مرحلے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے غیرمعمولی مہارت اور خود اعتمادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔ یہ کامیابی پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے ایک نئی امید بن کر سامنے آئی ہے۔ ماضی میں ورلڈ چیمپئن اور اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم آج کئی سالوں کی گمنامی‘ ناقص کارکردگی اور انتظامی نقائص کے بعد ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی کا احساس دلا رہی ہے۔ اس کامیابی سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کو سازگار ماحول‘ مناسب تربیت اور مسلسل سرپرستی میسر آئے تو وہ آج بھی دنیا کی کسی بھی ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ کامیابی اس بات کی متقاضی ہے کہ حکومت‘ سپورٹس بورڈ اور متعلقہ ادارے ہاکی کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں۔ امید ہے کہ ہاکی ٹیم اسی جذبے اور مہارت کے ساتھ فائنل میچ کیلئے میدان میں اُترے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔