اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

کوئی ٹیکس چھوٹ نہیں!

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اب کوئی ٹیکس ایمنسٹی سکیم یا ٹیکس چھوٹ نہیں دی جائے گی۔ملکی معیشت کیلئے یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے کیونکہ وطنِ عزیز میں‘ جہاں مالیاتی نظم و ضبط اور ٹیکس وصولی کا نظام کئی دہائیوں سے بے ضابطگیوں اور سیاسی مصلحتوں کا شکار تھا‘ اس نوعیت کا سخت اور واضح فیصلہ ناگزیر ہو چکا تھا۔ ماضی میں ٹیکس چوروں کو دی گئی ایمنسٹی سکیموں کے مؤثر نتائج برآمد نہیں ہو سکے اور معیشت کو دستاویزی بنانے میں ان سے کوئی خاص مدد نہیں مل سکی۔الٹا ان سکیموں سے ٹیکس ادائیگی کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوئی ؛چنانچہ ٹیکس نیٹ میں ضروری حد تک اضافہ نہیں ہو سکا۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق تقریباً تین لاکھ صنعتی یونٹس میں سے صرف 35ہزار سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ ہیں‘ جو نہایت تشویشناک صورتحال ہے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو حکومت کی جانب سے ٹیکس چوروں کوکوئی رعایت نہ دینے کا عزم خوش آئند ہے۔ قوی امید ہے کہ اس سے ٹیکس نیٹ کو وسعت ملے گی اور ٹیکس محصولات میں اضافہ ہو گا۔ ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے ٹیکس کے دائرہ کار کو بڑھانا ہو گا ‘ اس کیلئے ضروری ہے کہ غیررسمی معیشت سے جڑے وہ افراد جو کثیر آمدن کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کرتے‘ انہیں ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے۔ حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے 14ہزار 131ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا ہے‘ اور یہ صرف اسی صورت حاصل ہو سکتا ہے جب ٹیکس اصلاحات مؤثر‘ منصفانہ اور غیر جانبدار طریقے سے نافذ کی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں