پاسپورٹ درجہ بندی میں بہتری
پاسپورٹس درجہ بندی کرنے والے ادارے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق عالمی درجہ بندی میں پاکستانی پاسپورٹ 100ویں نمبر پر آ گیاہے‘ جو 2021ء میں 113ویں نمبر پر تھا۔ یہ بہتری محض اتفاق یا وقتی تبدیلی کا نتیجہ نہیں بلکہ پاکستان کی عالمی سفارتی حکمت عملی‘ سکیورٹی صورتحال میں بہتری اور بعض ممالک سے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کا ثمر ہے۔ پاکستانی شہری 32ممالک میں ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے متحدہ عرب امارات سے حالیہ معاہدہ‘ جس کے تحت سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ویزہ درکار نہیں ہوگا‘ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کے فروغ کی علامت ہے۔ تاہم عالمی درجہ بندی صرف ویزہ سہولتوں پر نہیں ہوتی بلکہ اس میں کئی دیگر عوامل جیسے داخلی استحکام‘ کرپشن کی صورتحال‘ ادارہ جاتی شفافیت‘ سفارتی تعلقات اور عوامی نقل و حرکت کی آزادی جیسے پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ ان میں سے بیشتر میدانوں میں اب بھی بہتری کی ضرورت ہے۔ اگر حکومت اس مثبت پیش رفت کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنا چاہتی ہے تو نہ صرف سفارتی کوششیں تیز کرنا ہوں گی بلکہ داخلی سطح پر بھی ایسی اصلاحات کرنا ہوں گی جو دنیا کے سامنے پاکستان کا ایک پُرامن‘ قابلِ اعتماد اور جدید ریاست کا تشخص اجاگر کریں۔