بارشوں کا نیا سپیل
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے چوتھے سپیل میں ‘ جو آج سے 25جولائی تک جاری رہے گا‘ شدید بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی‘ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم ایز کی طرف سے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ‘ ہدایات اور احتیاطی تدابیر کی فہرست جاری کرنا بلاشبہ ایک ضروری اقدام ہے مگر سرکاری اداروں کی ذمہ داری صرف الرٹ جاری کر نے تک محدود نہیں بلکہ عوام سے ہدایات پر عمل کروانا بھی ضروری ہے۔ مون سون کی حالیہ بارشوں کے دوران ملک میں 200 سے زائد افراد جاں بحق اور 560سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اتنے زیادہ جانی نقصان کے باوجود اب بھی چند بڑے شہروں کے علاوہ کہیں بھی بروقت نکاسی آب یا ایمرجنسی سروسز کی پیشگی تعیناتی کے خاطرخواہ انتظامات نظر نہیں آتے۔ ضروری ہے کہ مون سون کے نئے سپیل کے پیشِ نظر بارشوں سے قبل اور دوران شہری علاقوں خصوصاً نشیبی مقامات پر نکاسی آب کے پیشگی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ اور جن علاقوں کا سیلابی صورتحال سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے وہاں سے لوگوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی کا انتظام کیا جائے۔عوام کو بھی چاہیے کہ طغیانی کے خطرے کے پیش نظر دریاؤں اور ندی نالوں میں جانے سے پرہیز کریں۔ پیشگی حفاظتی اقدامات سے ہی عوام کے جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔