اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مون سون کا پانچواں سپیل

پنجاب سمیت ملک کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں مون سون کی بارشوں سے جو تباہی ہوئی‘ اس کے اثرات ابھی مکمل طور پر زائل نہیں ہو سکے کہ محکمہ موسمیات نے 28جولائی سے پانچویں سپیل کی پیشگوئی کر دی ہے۔ اس دوران موسلا دھار بارشوں کیساتھ ساتھ اربن اور فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران بارشوں سے ملک میں 271 افراد جاںبحق اور 655زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ صورتحال حکومت اور متعلقہ اداروں سے غیرمعمولی سنجیدگی اور تیاری کا تقاضا کرتی ہے۔ بالخصوص اُن علاقوں میں جہاں ابھی تک بارش کا پانی جمع ہے وہاں فوری نکاسیِ آب کو یقینی بنایا جائے کیونکہ یہی پانی اگلے سپیل میں مزید نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ہونیوالی لینڈ سلائیڈنگ سے پہلے ہی صورتحال دگرگوں ہے۔ ان حالات میں حکومت‘ ضلعی انتظامیہ اور عوام کو چاہیے کہ آئندہ سپیل کو سنجیدگی سے لیں۔ اس تناظر میں ضروری ہے کہ پیشگی اقدامات‘ عوامی آگہی اور بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ قدرتی آفات صرف اعلانات سے نہیں ٹلتیں بلکہ عملی تیاری اور بروقت اقدام ہی اس کا اصل توڑ ہیں۔ شہری بھی موسمی صورتحال سے باخبر رہیں‘ غیر ضروری سفر سے گریز کریں‘ نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے اجتناب کریں‘ اور کچے و خستہ حال مکانات میں قیام نہ کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں