اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

فیری سروس کی منظوری

وفاقی وزارتِ بحری امور کی جانب سے ایران اور خلیجی ممالک کیلئے فیری سروس کی منظوری ایک خوش آئند اقدام قرار دیا جاسکتا ہے۔ اس سے عوام کو کم لاگت‘ آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت میسر آئے گی۔ دنیا کے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں فیری سروس عشروں سے نہ صرف شہریوں کیلئے سستی آمد و رفت کا ذریعہ ہے بلکہ علاقائی تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ وطنِ عزیز میں اس جانب دیر سے توجہ دی گئی حالانکہ ہمارے جغرافیہ اور سمندری پوزیشن کو دیکھتے ہوئے یہ  سہولت کئی دہائیاں پہلے شروع ہونی چاہیے تھی۔ مگر دیر آید درست آید کے مصداق اب اس شعبے میں عملی پیش رفت ہوئی ہے  تو اسے جلد از جلد آپریشنل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سروس سے اُن لاکھوں شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا جو ہر سال ایران اور عراق میں مقدس مقامات کی زیارات‘ یا خلیجی ممالک میں روزگار یا سیاحت کیلئے جاتے ہیں۔ ہوائی سفر کے اخراجات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں جبکہ زمینی راستے یا تو غیر محفوظ ہیں یا طویل اور دشوار گزار‘ ایسے میں فیری کا سفر ایک کم لاگت اور محفوظ متبادل ہے۔ اس سروس کو حج و عمرہ کیلئے جانیوالے زائرین کیلئے بھی ایک قابلِ عمل متبادل بنانا چاہیے۔ فیری روٹس‘ بندرگاہوں کی توسیع‘ جدید انفرا اسٹرکچر اور نجی شعبے کی شراکت داری سے ملکی بلیو اکانومی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی‘ مگر اس میدان میں کامیابی کیلئے حکومتی سنجیدگی‘ شفافیت‘ پائیدار پالیسیاں اور سروس کے معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم بنیادی شرط ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں