اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

برآمدات میں کمی

پاکستان بیورو آف شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی کے ابتدائی چار ماہ میں پاکستان کی نان ٹیکسٹائل برآمدات میں 14.45 فیصد گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ رواں سال جولائی تا اکتوبر نان ٹیکسٹائل برآمدات چار ارب پانچ کروڑ ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران چار ارب 74 کروڑ ڈالر سے زائد تھیں۔ اگر برآمدات کا جائزہ لیا جائے تو خام خوراک کی برآمدات میں نمایاں کمی آئی ہے‘ خاص طور پر چاول‘ جس کی برآمدات میں گزشتہ 19 ماہ سے اضافہ ہو رہا تھا اس کی برآمدات میں بھی گراوٹ دیکھی گئی۔سب سے زیادہ کمی زیورات کے شعبے میں ہوئی جو تقریباً 99 فیصد تھی۔

اگرچہ الیکٹرک و کھیلوں کے سامان اور سیمنٹ کی برآمدات میں اضافہ ہوا مگر یہ اضافہ بھی مجموعی خسارے کا ازالہ نہیں کر سکا۔ برآمدی شعبوں کی یہ ملی جلی کارکردگی اور مجموعی خسارے کا رجحان نان ٹیکسٹائل سیکٹر کے چیلنجز کو نمایاں کرتا ہے۔ یہ بھی واضح ہو جاتا ہے کہ برآمدات میں فروغ کا رجحان چند بڑے شعبوں تک محدود ہے جبکہ روایتی خام مال اور دستکاری کی صنعتوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ یہ رپورٹ اربابِ اختیار کیلئے چشم کشا ہونی چاہیے اور ان مسائل کا فوری حل نکالنا چاہیے جو چھوٹی صنعتوں کو لاحق ہیں۔ اگر ان مسائل کا فوری ازالہ نہ کیا گیا تو عنقریب یہ صنعتیں بقا کے خطرات سے دوچار ہو جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں