اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بھارت کی ہرزہ سرائی

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی پاکستان کے دفاعی اداروں سے متعلق ہرزہ سرائی بھارت کی شکست خوردہ اور مغلوب الغضب ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔ مئی کی جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست اور اپنے سات طیاروں کے نقصان پر بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت انتقام کی آگ میں جھلس کر مایوسی کی انتہائوں کو پہنچ چکی ہے اور اب ایک منظم پروپیگنڈا مہم کے تحت پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہے‘ جس کا مقصد پاکستان میں کرائی جانے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے بجا طور پر اس بیان کو اشتعال انگیز‘ بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے مذمت کی ہے۔

بلاشبہ یہ بے بنیاد بیان بازی خطے میں امن واستحکام کے حوالے سے بھارت کی عدم سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے اور پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتی ہے کہ علاقائی امن میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت اور اس کی ہندوتوا سوچ ہے‘ جو انتہا پسندی کی یرغمال بن چکی ہے۔ چند ہفتے قبل امریکی کانگرس میں پیش کردہ رپورٹ بھارتی وزیر دفاع کو یہ باور کرانے کے لیے کافی ہونی چاہیے کہ مئی 2025ء کا پاک بھارت تنازع پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور دفاعی عزم پر مہرِ تصدیق ثبت کر چکا اور آج پوری دنیا پاکستان کی بہادر افواج کی قابلیت کی معترف ہے لہٰذا بھارتی قیادت جھوٹ‘ فریب اور پروپیگنڈا مہمات سے حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں