ریکوڈک میں سرمایہ کاری
امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک(ایگزم بینک) کی جانب سے ریکوڈک منصوبے کیلئے ایک ارب 25کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری ملکی معیشت کیلئے ایک بڑی پیشرفت ہے۔ ریکوڈک منصوبہ تانبے اور سونے کے وسیع ذخائر پر مشتمل ہے اور دنیا کے بڑے معدنی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس منصوبے میں امریکی سرمایہ کاری سے پاکستان کے وسیع اور غیر استعمال شدہ معدنی وسائل کو عالمی منڈی میں متعارف کرانے‘ برآمدات بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کے مطابق ایگزم بینک کی منظوری سے ریکوڈک منصوبے کیلئے دو ارب ڈالر مالیت کی جدید مشینری اور امریکی ماہرین کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

ریکوڈک منصوبے میں امریکی سرمایہ کاری جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی‘ ہنرمندوں کی تربیت اور مقامی معدنی شعبے کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی‘ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان کی معدنیات کی عالمی سطح پر ساکھ میں اضافہ ہوگا۔ یہ منصوبہ دوطرفہ اقتصادی تعاون اور عالمی معیار کی شراکت داری کا مظہر ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی معاشی خودمختاری اور معدنی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنائے گا بلکہ بلوچستان میں خوشحالی‘ روزگار اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔