سال کی آخری پولیو مہم
پیر کے روز سے ملک میں رواں سال کی پانچویں اور آخری ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ مہم 20دسمبر تک جاری رہے گی۔ دنیا میں اس وقت صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔ رواں سال ملک میں اب تک 30 پولیو کیس رپورٹ ہو چکے‘ جن میں سے 19خیبر پختونخوا‘ 9 سندھ اور ایک‘ ایک کیس پنجاب اور گلگت بلتستان سے سامنے آئے۔ حالیہ پولیو مہم میں ان علاقوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے جہاں سے پولیو کے زیادہ کیس رپورٹ ہوتے ہیں۔ اگرچہ رواںسال گزشتہ سال کے مقابلے میں کم پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں لیکن یہ وائرس ملک سے مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔

باقاعدگی سے پولیو مہمات کے انعقاد کے باوجود ملک سے اس وائرس کے ختم نہ ہونے کی ایک بڑی وجہ تمام بچوں کی پولیو ویکسی نیشن نہ ہونا ہے‘ اس کے ذمہ دار وہ والدین ہیں جو جان بوجھ کر اپنے بچوں کو پولیو کے قطروں سے محروم رکھتے ہیں۔ جب تک یہ وائرس ملک میں موجود ہے‘ کوئی بچہ محفوظ نہیں۔ اس لیے والدین کو چاہیے کہ اس مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ ان کے بچے ایک محفوظ اور تندرست زندگی گزار سکیں۔ علما‘ عمائدین‘ عوامی نمائندوں اور میڈیا کو بھی اس حوالے سے آگہی پھیلانی چاہیے۔