اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سٹاک ایکسچینج کی تاریخی بلندی

نئے سال کے پہلے چار کاروباری دنوں میں سٹاک ایکسچینج کے حصص میں 11ہزار کا اضافہ سرمایہ کاروں کے معیشت پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ گزشتہ روز کے ایس ای 100انڈیکس میں 2653پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ 185,062 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 69 ہزار پوائنٹس‘ یعنی 62 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے‘ تاہم یہ حقیقت بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ سٹاک مارکیٹ کی تیزی کا فائدہ سرمایہ کاروں کے ایک مختصر طبقے تک محدود ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں 100انڈیکس کے حصص میں چار گنا سے زائد اضافہ ہوا ہے لیکن اس دوران ملک میں غربت کی شرح میں سات فیصد اور عوام کی معاشی سکت کمزور ہونے کی وجہ سے غذائی عدم تحفظ میں نو فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سٹاک مارکیٹ کی ترقی خوش آئند ضرور ہے لیکن معاشی استحکام کا اصل پیمانہ عوام کی زندگیوں میں آسانی اور خوشحالی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو حقیقی معیشت کی بنیادوں تک منتقل کرے۔ زراعت‘ صنعت اور چھوٹے کاروبار وہ شعبے ہیں جن کی مضبوطی ہی عوام کی حالت بدل سکتی ہے۔علاوہ ازیں مہنگائی و غربت کے خاتمے کیلئے جامع پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے تاکہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔ سٹاک مارکیٹ کی یہ تاریخی بلندی خوش آئند ہے لیکن اگر یہ رجحان عوامی خوشحالی میں نہ ڈھل سکا تو یہ کامیابی محض کاغذی اعداد و شمار تک محدود رہ جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں