اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

دھند اور حادثات

 بدھ کے روز علی الصبح تلہ گنگ کے قریب شدید دھند کے باعث ایک بس کھائی میں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہو گئے۔ اسی طرح چناب نگر‘ ننکانہ صاحب اور جھنگ میں بھی دھند کے باعث حادثات میں سات افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شدید دھند کے باعث موٹر ویز تو ٹریفک کیلئے بند کر دی جاتی ہیں مگر اس سے ہائی ویز اور ملحقہ چھوٹی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے دھند کے دوران غیر ضروری آمد و رفت سے حتی الامکان گریز کرنا چاہیے‘ اور اگر سفر ناگزیر ہو تو غیر معمولی احتیاط برتنا لازم ہے۔ اسکے باوجود یہ دیکھا گیا ہے کہ شدید دھند کے باوجود بعض ڈرائیور لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

نہ صرف حد رفتار کو ملحوظ خاطر نہیں رکھتے بلکہ لائن اور لین کی پابندی کو بھی نظر انداز کر دیتے ہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی دھند میں سفر کو مزید پُرخطر بنا دیتی ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ نہ صرف ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں بلکہ دن ہو یا رات‘ دھند میں فوگ لائٹس اور اشاروں کا استعمال لازمی کریں۔ گاڑی کی رفتار کم رکھیں‘ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں‘ بار بار لین تبدیل کرنے سے گریز کریں اور دور دراز کے سفر پر نکلنے سے پہلے موسمی صورتحال کا جائزہ ضرور لیں۔ ان احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر حادثات کے خدشات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں