اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

انسانیت سوز واقعہ

ضلع شیخوپورہ میں سسرالیوں کی جانب سے ایک خاتون کو کم جہیز لانے پر زندہ جلا دینے کا المناک اور انسانیت سوز واقعہ شدید قابلِ مذمت ہے۔ یہ واقعہ صرف گھریلو تشدد کا کیس نہیں بلکہ ہمارے معاشرے میں پھیلی جہیز کی لعنت‘ خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم اور معاشرتی بے حسی کی گھناؤنی تصویر ہے‘ جو فوری حکومتی توجہ اور مؤثر قانونی کارروائی کا متقاضی ہے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں تاکہ خواتین کے خلاف گھریلو تشدد بالخصوص جہیز جیسی لعنت کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ ہمارے ملک میں جہیز کی لعنت کے باعث ہر سال ہزاروں خواتین کو جسمانی اور ذہنی تشدد‘ ظلم اور اکثر جان کے خطرات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

ہیومین رائٹس کمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق 2024ء میں 1641 خواتین گھریلو تشدد کے باعث قتل ہوئیں۔ خواتین پر گھریلو تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنا اور اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ساتھ ہی والدین‘ خاندان اور معاشرے کو نوجوان نسل میں جہیز کے خلاف شعور بھی اجاگر کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسی المناک انسانی المیوں کا سلسلہ روکا جا سکے۔ جہیز کی حوصلہ شکنی کے لیے حکومت‘ عدلیہ اور سماج سب کو مل کر عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں