ویلیو ایڈیشن کی اہمیت
ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے کے باوجود زرعی شعبہ غیرمؤثر انتظامی ڈھانچے اور پوسٹ ہارویسٹ نقصانات جیسے مسائل کا شکار ہے۔ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک میں پھلوں اور سبزیوں کی سالانہ 40فیصد تک پیداوار ضائع ہو جاتی ہے۔ اس ضیاع کی بنیادی وجوہات میں جدید کولڈ سٹوریج سہولیات کی کمی‘ ٹرانسپورٹ کا غیرمعیاری نظام اور سب سے بڑھ کر ویلیو ایڈیشن انڈسٹری کا فقدان شامل ہے۔ زرعی پیداوار کا بڑا حصہ خام حالت میں منڈیوں تک پہنچتا ہے جہاں مناسب پروسیسنگ اور محفوظ کرنے کے انتظامات نہ ہونے کے باعث یہ پیداوار جلد خراب ہو جاتی ہے‘ نتیجتاً ملک نہ صرف ایک بڑی برآمدی صلاحیت سے محروم رہ جاتا ہے بلکہ اکثر اوقات ان اجناس کی قلت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔

ویلیو ایڈیشن خام زرعی اجناس کو پراسیس کر کے زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے قابل بناتی ہے اور انہیں عالمی منڈیوں کے معیار کے مطابق تیار کرتی ہے لیکن ہمارے ہاں ویلیو ایڈیشن انڈسٹری میں سرمایہ کاری محدود ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ زرعی ویلیو چین کو مضبوط بنانے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائے۔اگر حکومت سنجیدگی سے اس سمت میں اقدامات کرے تو نہ صرف زرعی اجناس کے ضیاع کو بڑی حد تک روکا جا سکتا بلکہ برآمدات میں نمایاں اضافہ کر کے زرِ مبادلہ کے بحران پر بھی قابو پا سکتا ہے۔