پرچون قیمتوں کا اندراج
ہمارے ہاں اکثر اشیائے ضروریہ کی پرچون قیمتیں واضح طور پر درج نہیں ہوتیں اور یہ صورتحال خریداروں کے استحصال کا سبب بنتی ہے ۔ قیمت فروخت کے بارے واضح اطلاع خریدار کا بنیادی حق ہے کہ اسے پتا ہو کہ جو چیز وہ خریدنے کا فیصلہ کررہا ہے اس کے دام کتنے ہیں۔ مگر اشیائے ضروریہ تیار کرنے والی اکثر کمپنیاں پرچون قیمت پرنٹ کرنا ضروری نہیں سمجھتیں جس کا سارا فائدہ دکاندار کو جاتا ہے کہ وہ من مانی قیمت پر چیز فروخت کرے۔ مگر یوں لگتا ہے کہ حکومت نے صارفین کے اس اہم مسئلے پر عملی اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے؛ چنا نچہ نئے بجٹ میں اشیائے ضروریہ کی پرچون قیمت پرنٹ کرنا لازمی قرار دینے کی تجویز ہے۔ پرچون قیمت درج ہو تو مارکیٹ میں شفافیت پیدا ہو سکتی ہے اور صارفین کے حقوق کا تحفظ ہو گا۔

اس وقت ملک کے بیشتر بازاروں میں ایک ہی کمپنی کی ایک ہی طرح کی مصنوعات مختلف دکانوں پر مختلف نرخوں پر فروخت ہوتی ہیں۔ صارفین کو اکثر معلوم ہی نہیں ہوتا کہ کسی شے کے نرخ کیا ہیں‘ جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ متعدد اشیا پر قیمت درج ہونے کے باوجود دکاندار من مانی قیمتیں وصول کرتے ہیں‘ اس لیے ضروری ہے کہ مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔