قومی دفاع کا عزم
سکیورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز وانا‘ جنوبی وزیرستان میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکش حملے سے پہلے ہی تباہ کر دی اور اس کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور پانچ زخمی ہو ئے۔قبل ازیں جمعہ کے روز سکیورٹی فورسز نے بنوں اور اس سے ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے شر پسندوں کے خلاف کارروائی میں 24دہشت گرد وں کو ہلاک کیا۔ ملک دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچانا سکیورٹی اداروں کی ایک بڑی کامیابی اورناقابل تسخیر قومی دفاع کیلئے بہت اہم پیش رفت ہے۔

اس وقت ہمیں دہشت گردی کے کثیر جہتی چیلنجوں کا سامنا ہے‘ نہ صرف ایسے چھپے ہوئے دہشت گردوں سے ہمارا مقابلہ ہے جو ہماری ہی صفوں میں موجود ہیں اور موقع ملنے پر پشت سے وار کرتے ہیں بلکہ ایسے عناصر بھی ہمارے مدمقابل ہیں جن کے ٹھکانے مغربی سرحد کے پار ہیں اور جو پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے بعد دوبارہ اپنے محفوظ ٹھکانوں کی طرف لوٹ جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مغربی سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات کی شرح باقی علاقوں سے زیادہ ہے۔اس صورتحال میں ضروری ہے کہ قومی انسدادِ دہشت گردی حکمتِ عملی کو بھی ان خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جائے۔