تھرپارکر میں قحط
سندھ حکومت کی جانب سے تھرپارکر کو باضابطہ طور پر قحط زدہ اور آفت زدہ ضلع قرار دینا اس تلخ حقیقت کا اعتراف ہے کہ صحرائے تھر ایک بار پھر شدید موسمیاتی اور انسانی بحران کی زد میں ہے۔ حکومت کی رپورٹس کے مطابق اگست کے بعد سے ضلع میں بارشیں نہ ہونے کے برابر رہیں جس نے تھر کے تمام سات تعلقوں کو بنجر بنا دیا‘ جہاں 90 فیصد تک کاشت شدہ فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور مقامی آبادی اپنے مویشیوں کو بچانے کیلئے بیراجی علاقوں کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہے۔ اگرچہ تھرپارکر موسمیاتی بحران سے نبرد آزما ہے مگر دیکھا جائے تو اس میں انسانی غفلت اور کوتاہی بھی صاف نظر آتی ہے۔ حکومتی آڈٹ رپورٹس کے مطابق ضلع میں 834 میں سے 555 آر او پلانٹس مکمل طور پر غیر فعال ہیں۔

پانی کی مستقل پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کئی برسوں سے التوا کا شکار ہیں جبکہ ضلع کیلئے اعلان کردہ موبائل یونٹس ادویات اور دیگر ضروری اشیا کے علاوہ ڈاکٹروں سے بھی محروم ہیں۔ تھرپارکر کو وقتی ریلیف سے زیادہ ایک جامع اور پائیدار منصوبے کی ضرورت ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی امداد کے ساتھ غیر فعال آر او پلانٹس کی بحالی اور پانی کی پائپ لائن جیسے منصوبوں کو بھی فوری تکمیل تک پہنچانا چاہیے۔ حکومت فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر ایسا میکانزم بنا سکتی ہے جس سے جلد از جلد تھرپارکر میں زندگی کی رمق کو بحال کیا جا سکے۔