اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

چھوٹے صوبے، بہتر حکمرانی

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملکی آبادی میں اضافہ ہو چکا ہے‘ طاقت کا ارتکاز لاہور‘ کراچی‘ کوئٹہ اور پشاور تک محدود نہیں ہونا چاہیے‘ صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات انتظامی یونٹس کو منتقل ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز سے منتقل کیے جانے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے رحم وکرم پر رہ جاتے ہیں حالانکہ ان فنڈز کی اصل منزل بلدیاتی ادارے ہیں‘ سیاستدانوں کو سوچنا چاہیے کہ طاقت عوام کی امانت ہے لیکن سیاستدانوں کا نقطہ نظر یہ ہے کہ وہ تمام اختیارات خود استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ خواجہ آصف کے اس بیان میں ملک کی اس اہم ترین ضرورت کا احساس جھلکتا ہے جس سے 78 برس چشم پوشی کی گئی اور اس کے مضمرات سے تغافل برتا گیا۔ دنیا میں شاید ہی ایسی کوئی دوسری مثال مل سکے کہ سات دہائیو ں میں آبادی میں سات گنا اضافے کے باوجود صوبائی یونٹس کو جوں کا توں برقرار رکھا گیا ہو۔ یہ حقائق کسی سے ڈھکے چھپے نہیں کہ ہمارے صوبوں کا حجم متعدد ممالک سے بڑا ہے۔ پنجاب آبادی میں 182 ممالک سے بڑا ہے‘ سندھ 162 ممالک سے‘ خیبر پختونخوا 152 ممالک سے جبکہ بلوچستان کا رقبہ 172 ممالک سے بڑا ہے۔ اتنے بڑے صوبوں کو پرانے انتظامی نقشوں کے ساتھ چلانے کی ضد کے وہی نتائج ہو سکتے ہیں جن کا سامنا آج ملک کے طول وعرض میں ہے۔

آبادی‘ وسائل اور سہولتوں میں کوئی توازن نہیں اور صوبائی حکومتوں کی ترجیحات کا محور بڑے شہر اور ان میں سے بھی چار صوبائی دارالحکومت ہیں۔ روزگار کے وسائل‘ تعلیمی و طبی سہولتیں ‘ جدید شہری ڈھانچہ اور آگے بڑھنے کے مواقع جب چند بڑے شہروں تک محدود ہوں گے اور صوبوں کے باقی شہر‘ قصبے اور دیہات صوبائی دارالحکومت سے جتنے دور ہوں گے اتنے ہی پسماندہ‘ تو قدرتی طور پر آبادی کا بہاؤ ان چند بڑے شہروں کی طرف ہی ہو گا۔ بڑے شہروں کی جانب نقل مکانی کا غیر معمولی رجحان جس قسم کے مسائل کا سیلاب لے کر آتا ہے ہمارے ان شہروں میں بدرجہ اتم موجود ہے۔ دوسری طرف صوبوں کے دور دراز علاقوں میں سہولتوں اور معیارِ زندگی کی حالت بدترین ہے۔ بچے تعلیم سے‘ مریض طبی سہولیات سے اور گھرانے بہتر معیارِ زندگی سے محروم ہیں۔ سکول داخلے سے محروم بچوں کی تعداد ہمارے ملک میں دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ یہی حال غذائیت کی کمی کا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر کے 40 فیصد بچے سٹنٹنگ کا شکار ہیں۔ یہ سب مسائل انفرادی سطح پر لوگوں کی قوتِ خرید اور شعور سے جڑے ہیں مگر یہ گورننس کے بحران اور حکومتی عدم توجہی کے اشاریے ہیں۔ یہ واضح ثبوت ہیں کہ صوبوں کے حکمرانوں کو عوامی فلاح وبہبود سے کوئی سروکار نہیں۔ صوبوں میں مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو اور ہر علاقے تک اس کے حصے کے وسائل پہنچیں تو عوامی زندگی اور سہولتوں کے معیار پر اس کا اثر بھی نظرآئے۔

مگر ایسا نہ ہونے کی وجہ کسی کی نیت سے زیادہ ہمارے فرسودہ صوبائی ڈھانچے میں ہے؛ چنانچہ ان مسائل کے پائیدار حل کیلئے اس ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ اور یہ کرنے والا پاکستان پہلا ملک نہیں‘ دنیا جہاں میں وقت کے تقاضوں کے ساتھ نئے انتظامی یونٹس تشکیل دیے جاتے ہیں۔ صرف ہمارے ہاں ہی اس پر فل سٹاپ لگانے کی ضد ہے۔ مگر یہ تبدیلی خوش آئند ہے کہ سیاسی قیادت جو عام طور پر نئے صوبوں سے صرفِ نظر کرتی آئی ہے‘ اب اس کی سوچ میں مثبت تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ خواجہ محمد آصف کا بیان اس کی ایک مثال ہے۔ ان سے پہلے بھی مختلف جماعتوں کے رہنما نئے صوبوں کی تشکیل کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے مطالبے کو مزید تاخیرکے بغیر عملی صورت دی جائے‘ تاکہ اقتدار اور اختیار دور دراز علاقوں کے عوام تک پہنچ سکے۔ انہیں حقوق اور وسائل حاصل ہوں اور ان کی حالت بہتر ہو سکے۔ پاکستان کی حقیقی ترقی کا تصور اس کے سوا نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں