اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بدترین سموگ

فضائی آلودگی سے متعلق ایک ملکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حدود کو چھو رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے‘ 31 اکتوبر سے 6 نومبر کے دوران شہر میں فضائی آلودگی کی شرح 530 سے بھی تجاوز کر گئی جبکہ مجموعی طور پر شہر کی آلودہ ہوا میں ایک دن سانس لینا تقریباً دس سگریٹوں کے برابرنقصان دہ ہے۔دوسری جانب عالمی ایئر کوالٹی انڈیکس نے اتوار کے روز بھی لاہور کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا جہاں ہوا میں موجود باریک اور خطرناک ذرات (PM2.5) کی مقدار عالمی ادارۂ صحت کے مقرر کردہ معیار سے 34.6 گنا زیادہ ہو چکی ہے۔ یہ محض چند اعداد و شمار نہیں بلکہ شہر کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد لوگوں کو لاحق سنگین مسائل کا اظہار ہے۔ شہری ایسی فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں جہاں ہر سانس ان کی عمر اور صحت پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

طبی ماہرین یہ واضح کر چکے ہیں کہ لاہور جیسے شہر میں فضائی آلودگی کے سبب اوسط عمر میں سات سال تک کی کمی آ سکتی ہے۔ ماہرینِ موسمیات رواں ہفتے بارشوں کے ایک سلسلے کی امید ظاہر کر رہے ہیں جس سے سموگ کی شدت میں کمی آ سکتی ہے مگر یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سموگ کنٹرول کرنے کے لیے عارضی کارروائیوں یا وقتی اقدامات پر تکیہ نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں اپنی ترجیحات کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ صاف ہوا ایک بنیادی انسانی حق ہے اور لاہور کی فضا کو بچانے کیلئے اب ہنگامی بنیادوں پر طویل مدتی پالیسی ناگزیر ہو چکی ہے‘ جو شہر میں ماحولیاتی توازن کو بحال کرے اور سموگ کا مقابلہ کر سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں