اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

آوارہ کتوں کے حملے

صحت سے متعلق ایک اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 2024ء سے مارچ 2025ء تک ملک بھر میں کتے کے کاٹے کے نو لاکھ 62ہزار 575کیس رپورٹ ہوئے۔ یعنی ملک میں اوسطاً ہر روز دو ہزار سے زائد آوارہ کتوں کے کاٹنے کے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ رواں سال بھی ایسے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ رواں برس ستمبر تک سندھ میں کتے کے کاٹے کے دو لاکھ سے زائد واقعات جبکہ 41 اموات اور پنجاب میں 70 ہزار سے زائد واقعات اور آٹھ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ملک آوارہ کتوں کے بڑھتے حملوں کی بنیادی وجہ کتوں کی آبادی میں بے تحاشا اضافہ ہے۔ آوارہ کتوں کی تعداد میں یہ اضافہ متعلقہ اداروں کی جانب سے کتوں کی تلفی کے حوالے سے غفلت کا نتیجہ ہے۔

ایک طرف کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف سرکاری ہسپتالوں میں ریبیزکی ویکسین موجود نہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آتی ہیں۔بروقت علاج نہ ملنے کی صورت میں ریبیز کا مرض جاں لیوا صورت اختیار کر جاتا ہے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے ان کی تلفی کے اقدامات تیز کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری ہسپتالوں میں اینٹی ریبیز اور ریبیز ایمینو گلوبن ٹیکوں کی فراہمی بھی یقینی بنانی چاہیے تاکہ متاثرین کا بروقت علاج ممکن ہو سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں