اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نئے صوبے اور سیاسی جماعتوں کا تضاد

نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر ہونے والی حالیہ بیان بازی نے ملکی سیاسی ماحول میں تناؤ کی سی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ ایک طرف عوامی سطح پر نئے صوبائی یونٹس کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے تو دوسری طرف بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے اس انتظامی اور آئینی معاملے کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے حال ہی میں جو بیان سامنے آیا ہے اس پر حکومت کا ردِعمل بالکل بجا ہے۔ وزیر دفاع‘ وزیر مملکت برائے داخلہ‘ سپیکر پنجاب اسمبلی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا یہ کہنا بالکل درست ہے کہ نئے صوبوں کی بحث پر خون بہنے جیسی باتیں کرنا نہ صرف گمراہ کن بلکہ یہ جمہوری عمل کو بلیک میل کرنے کے مترادف ہے۔ ایسے وقت میں جب ملک کو سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے‘ سیاسی قیادت کی جانب سے تشدد یا تصادم کا تاثر جمہوری روایات کے منافی ہے۔ جمہوریت میں اختلافِ رائے کا اظہار دلیل اور آئینی دائرے میں رہ کر کیا جاتا ہے‘ نہ کہ خوف و ہراس پھیلانے والے بیانات کے ذریعے۔ یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ نئے صوبوں کا قیام کوئی غیرآئینی یا ماورائے قانون اقدام نہیں۔

آئین میں اس حوالے سے مکمل اور واضح طریقہ کار موجود ہے۔ جب آئین خود اس عمل کی اجازت دیتا اور راستہ سجھاتا ہے تو پھر اس موضوع پر گفتگو کرنے یا عوامی رائے جاننے کی تجویز کو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ کیونکر قرار دیا جا سکتا ہے۔ ایسی سوچ دراصل آئینی راستوں کو مسدود کرنے اور جمہوری ارتقا کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔ سیاسی قیادت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آج کا پاکستان ماضی سے بہت مختلف ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران ملک کی آبادی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے‘ جس کے نتیجے میں صوبوں کا انتظامی ڈھانچہ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج عوام میں اختیارات اور اقتدار کی نچلی سطح تک تقسیم کی شدید خواہش پائی جاتی ہے۔ عوام اب کھوکھلے سیاسی نعروں کے بجائے عملی سہولتیں اور بہتر طرزِ حکمرانی چاہتے ہیں۔ حالیہ میریڈین نیشنل بیرو میٹر 2026ء کے سروے کے نتائج کے مطابق ملکی سطح پر 77فیصد افراد نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہیں اور سندھ میں 80فیصد لوگوں نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ابہام سے نکل کر ان بدلتے ہوئے زمینی حقائق کا ادراک کریں۔ یہ اعداد و شمار ان حلقوں کیلئے بھی واضح پیغام ہیں جو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ نئے صوبوں کی بات مخصوص گروہوں کا ایجنڈا ہے۔ حالانکہ یہ ایک خالصتاً انتظامی معاملہ ہے‘ جسکا مقصد گورننس کو بہتر بنانا اور عوام کو سہولتیں بہم پہنچانا ہے۔ دنیا بھر کے ممالک نے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر انتظامی سہولت کیلئے بڑے یونٹس کو تقسیم کر کے چھوٹے یونٹس تشکیل دیے ہیں‘ اور اس عمل سے وہاں عوامی فلاح و بہبود میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

پاکستان میں‘ بدلتے حالات کے تناظر میں اس ضرورت کو شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے۔ اگر انتظامی اصلاحات اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میں مزید تاخیر کی گئی تو عوام میں محرومی کا احساس مزید گہرا ہو گا۔ سیاسی جماعتوں کو تشدد‘ تصادم اور غیرآئینی اقدامات کی دھمکیاں دینے کے بجائے عوامی امنگوں کا احترام کرنا چاہیے۔ عوام کو جذباتی نعروں کے ذریعے تقسیم کرنے کی سیاست اب افادیت کھو چکی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی قوتیں ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں سوچیں اور نئے صوبوں کو لسانیت یا علاقائیت کی عینک سے دیکھنے کے بجائے خالصتاً انتظامی نقطۂ نظر سے دیکھیں۔ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے‘ عوامی خواہشات کے مطابق‘ نئے انتظامی یونٹس کا قیام مضبوط‘ خوشحال اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں