اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مستقل سموگ پالیسی ناگزیر

ملک کے میدانی علاقوں میں سموگ کا مسئلہ پوری شدت سے موجود ہے اور مبینہ حکومتی اقدامات کے باوجود اس میں کمی نہیں آسکی۔ فضائی آلودگی ماپنے والے عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق بدھ کے روز لاہور ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا جس کا اے کیو آئی انڈیکس 339 ریکارڈ کیا گیا۔ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد‘ ملتان اور قصور میں بھی ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک سطح پر رہا۔ سموگ محض دھند اور گرد کا امتزاج نہیں بلکہ زہریلے ذرات‘ کیمیکلز‘ دھوئیں اور صنعتی فضلے کا مجموعہ ہے جس کی وجہ سے صوبہ بھر میں لوگ سانس کی بیماریوں اور دیگر امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ سموگ اور آلودگی کے تدارک کیلئے جز وقتی نہیں مستقل اقدامات کی ضرورت ہیں۔سال بھر صنعتی اخراج کے معیارات پر سختی کرنے‘ پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام سستا اور کارآمد بنانے‘ گرین انرجی کو فروغ دینے اور شہری علاقوں میں سبزہ بڑھانے جیسے اقدامات ہی سے اس کا مستقل تدارک کیا جا سکتا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق لاہور کی فضائی آلودگی میں سب سے زیادہ‘ 83فیصد حصہ ٹریفک کے دھویں کا ہے‘ اس لیے حکومت کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کرنا اور الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینا چاہیے۔ گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل دعوؤں کے باوجود صورتحال کا ہر سال مزید بگڑتے جانا انسدادِ سموگ پالیسی کے سقم کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ضروری ہے کہ سموگ پالیسی کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور بے نتیجہ اقدامات دہرانے کے بجائے اس مسئلے کو تکنیکی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں