ارشد ندیم کی کامیابی پر شوبز شخصیات بھی خوشی سے نہال
لاہور (شو بزڈ یسک )پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر شوبز شخصیات بھی خوشی سے جھوم اُٹھیں۔
ہمایوں سعید نے احمد علی بٹ کی انسٹاگرام سٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے ارشد ندیم کی پرفارمنس کی تعریف کی اور ساتھ ہی کھلاڑی کو نیا گھر، سپورٹس اکیڈمی اور برانڈ ڈیلز دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ اداکارہ سجل علی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی۔ ماہرہ خان نے ارشد ندیم کو پاکستان کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سر! اُف کیا تھرو تھی، آپ نے تو ریکارڈ توڑ دیا۔ یمنیٰ زیدی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کہا کہ پاکستان کے لیے فخریہ لمحہ، اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ اس بہترین فتح کے لیے ہمیں ارشد ندیم پر بے حد فخر ہے ، گلوکار عاصم اظہر نے اپنی انسٹا گرام سٹوری میں کہا کہ ارشد ندیم آپ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔اداکارہ و ماڈل ثنا جاوید نے کہا کہ پاکستان کو تاریخی لمحہ دینے اور ہمیں فخر محسوس کروانے کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔ اداکارہ کبریٰ خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ارشد ندیم نے ہمیں تاریخی فتح دیکر میرا دل بے انتہا خوش کردیا ہے ۔خوبرو اداکارہ عائزہ خان نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ارشد ندیم حقیقی چیمپئن ہیں۔