امیتابھ بچن کی بھارتی آئیکونز سے متعلق جذباتی پوسٹ شیئر

 امیتابھ بچن کی بھارتی آئیکونز  سے متعلق جذباتی پوسٹ شیئر

ممبئی(شوبزڈیسک)بالی ووڈ کے لیجنڈ امیتابھ بچن نے 2024 میں انتقال کرنے والی ممتاز بھارتی شخصیات کو یاد کرتے ہوئے ایک جذباتی پوسٹ شیئر کردی۔

امیتابھ بچن نے انسٹاگرام پر کارٹونسٹ ستیہ آچاریہ کی تخلیق کردہ ایک تصویر شیئر کی، جس میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، صنعت کار رتن ٹاٹا، طبلہ نواز استاد زاکر حسین، اور ہدایتکار شیام بینیگل کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے، تصویر میں ان معروف شخصیات کو اپنی پسندیدہ سرگرمیوں میں مصروف دکھایا گیا ہے۔ ذاکر حسین طبلہ بجا رہے ہیں، شیام بینیگل کیمرے کے پیچھے ہیں، رتن ٹاٹا جانوروں کو کھانا کھلا رہے ہیں، جبکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ ملک کی تعمیر میں مشغول ہیں۔تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ‘سال 2024 میں ایک پارسی، مسلمان، سکھ اور ہندو کا انتقال ہوا، اور پوری قوم نے انہیں صرف بھارتی کے طور پر یاد کیا۔امیتابھ بچن نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ‘تصویر خود سب کچھ کہہ رہی ہے’۔ مداحوں کی جانب سے اداکار کی اس پوسٹ کو بے حد سراہا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ 26 دسمبر کو دہلی میں 92 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ شیام بینیگل 23 دسمبر کو 90 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ رتن ٹاٹا 10 اکتوبر کو 86 برس کی عمر میں چل بسے جبکہ استاد ذاکر حسین دسمبر میں 73 برس کی عمر میں سان فرانسسکو میں انتقال کرگئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں