فلم ہوم الون میں کردار ادا کرنیوالی اداکارہ کیتھرین اوہارا چل بسیں
لاس اینجلس (شوبزڈیسک ) ہالی وڈ کی مشہور زمانہ فلم ہوم الون اور ٹی وی سیریزشٹس کریک میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ کیتھرین اوہارا چل بسیں۔۔۔
کیتھرین اوہارا کی عمر 71سال تھی انہوں نے اس فلم میں اس شرارتی بچے کی ماں کا یادگار کردار ادا کیا تھا۔کینیڈا سے تعلق رکھنے والی نامور اداکارہ اور کامیڈین کیتھرین اوہارا کے منیجر نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مختصر علالت کے بعد دنیائے فانی سے کوچ کرگئیں ۔فلم ہوم الون میں بچے کا مرکزی کردار ادا کرنے والے معروف اداکار میکالے کلکن نے اپنی ساتھی اداکارہ اور فلمی ماں کیتھرین اوہارا کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے ایک ایسی تصویر شیئر کی جس نے مداحوں کو آبدیدہ کر دیا، پوسٹ میں دو تصاویر شامل تھیں، ایک تصویر میں فلم ہوم الون کی شوٹنگ کے دوران کیتھرین اوہارا ننھے کلکن کو محبت سے گلے لگائے ہوئے نظر آ رہی ہیں جبکہ دوسری تصویر 2024میں کلکن کی ہالی ووڈ واک آف فیم تقریب کی ہے ، جہاں اوہارا ایک بار پھر انہیں بانہوں میں لیے نظر آرہی ہیں۔ کلکن نے لکھاکہ ماں!!مجھے لگا ہمارے پاس وقت ہے میں اور چاہتا تھا… میں چاہتا تھا کہ تمہارے پاس بیٹھوں، تمہیں سنوں،میں نے تمہاری بات سنی، مگر مجھے ابھی بہت کچھ کہنا تھا، میں تم سے محبت کرتا ہوں،پھر ملاقات ہوگی۔