مجھے فقیر بنا دیا ، اداکار راشد محمود یوٹیوبرز پر برہم
لاہور(شوبز ڈیسک)سینئر اداکار راشد محمود نے یوٹیوبرز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے انٹرویو لینے کیلئے نہ آنے کی اپیل کردی۔
سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راشد محمود نے کہا کہ میں بہت دکھی دل سے گزارش کررہا ہوں، یوٹیوبر سے گزارش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے اپنے چینلز بنائے ہوئے ہیں، برائے مہربانی میرے پاس نہ آئیں، نہ مجھے انٹرویو کی ضرورت ہے اور نہ ہی مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ویوز کیلئے آپ مجھے سے گفتگو کچھ اور کرکے جاتے ہیں اور ہیڈنگز کچھ اور بنا دیتے ہیں، میرے وقار پر بات آگئی ہے ، ایسا لگ رہا ہے مجھے فقیر بنا دیا گیا ہے، میں نے انٹرویو میں ایسا کچھ نہیں کہا، اگر کوئی ایسا کرے گا تو میں کیس کردوں گا۔