دباؤ اور دھمکیوں سے نہیں ڈریں گے :مومنہ اقبال
لاہور(شوبزڈیسک )معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے کہا ہے کہ وہ اور ان کا خاندان کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے آگے جھکنے والے نہیں اور اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے ۔
مومنہ اقبال نے انسٹاگرام پر اپنی بہن رمشا اقبال کی میڈیا سے گفتگو شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام میں لکھا کہ اب وہ صرف اپنے ذاتی معاملے کے لیے آواز نہیں اٹھا رہیں بلکہ ہر اس شخص کے لیے کھڑی ہیں جو ایسے حالات کا سامنا کرتا ہے ۔ بعض حلقوں کی جانب سے مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، تاہم وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ ان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی تکلیف دہ اور مشکل مرحلہ ہے ، لیکن اس کے باوجود انہیں خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔اپنے بیان میں مومنہ اقبال نے کسی کا نام لیے بغیر الزام عائد کیا کہ حقیقت کا سامنا کرنے کے بجائے پیسے دے کر مہمات چلائی جا رہی ہیں اور سوشل میڈیا پر مواد بنا کر معاملے کا رخ موڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جھوٹے قانونی اقدامات اور بے بنیاد کارروائیاں بند کی جائیں اور اصل حقائق پر توجہ دی جائے ۔دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمشا اقبال نے دعویٰ کیا کہ انہیں اور ان کی بہن کو مسلسل خوفزدہ کرنے اور دھمکیاں دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔