ہالی ووڈ : برگر فروش نے تاریخ کی سب سے منافع بخش فلم بنالی
فلم Obsessionپر لاگت ساڑھے 7لاکھ ،ابتک ساڑھے 43کروڑ ڈالر کما چکی 26 سالہ کری بارکر اپنے یوٹیوب چینل پر کامیڈی سکیچ اور چھوٹی ہارر ویڈیوز بناتے رہے میں سیکھا سوشل میڈیا پر پہلے 3سیکنڈ میں ناظرین کی توجہ کیسے حاصل کی جاتی :کری بارکر
پیرس (اے ایف پی )ہالی ووڈ کی تاریخ کا ایک ایسا کرشمہ سامنے آیا ہے جس نے بڑے بڑے سٹوڈیوز اور کروڑوں ڈالرز کے بجٹ والی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ چند سال پہلے تک لاس اینجلس کے ایک ہوٹل میں برگر بیچنے اور سٹاربکس پر نوکری کرنے والے 26 سالہ یوٹیوب کریئٹر کری بارکر کی پہلی ہارر فلم ’’ابیسیشن‘‘(Obsession) دنیا بھر میں ساڑھے 43 کروڑ ڈالر سے زائد کما کر تاریخ کی سب سے زیادہ منافع بخش فلم بننے کی راہ پر گامزن ہو گئی ہے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کو بنانے پر کل لاگت صرف 7 لاکھ 50 ہزار سے 10لاکھ ڈالر کے درمیان آئی تھی، لیکن اس نے اپنی لاگت سے سینکڑوں گنا زیادہ بزنس کر کے 1999 کی مشہور فلم ’’دی بلیئر وچ پروجیکٹ‘‘ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے ۔فلم ’’اوبسیشن ‘‘کی کہانی ایک سادہ مگر انوکھے آئیڈیا پر مبنی ہے ۔ ایک نوجوان لڑکا اپنی پرانی دوست (جسے وہ پسند کرتا ہے ) کو اپنی محبت میں پاگل کرنے کیلئے ’’ون وش ولو’’(ایک جادوئی پودا)سے دعا مانگتا ہے ۔ یہ خواہش پوری تو ہو جاتی ہے ، لیکن اس کے بعد جو خوفناک، پرتشدد اور دہلا دینے والے واقعات رونما ہوتے ہیں، وہ اچھے اچھے ہارر فلموں کے شائقین کے رونگٹے کھڑے کر دیتے ہیں۔ فلم میں خوف کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے تعلقات اور رضامندی جیسے سنجیدہ موضوعات کو بھی اچھوتے انداز میں دکھایا گیا ہے ۔
فلم کے ڈائریکٹر کری بارکر ہائی سکول کے بعد فلم میکر اور اداکار بننے کا خواب لے کر ہالی ووڈ آئے تھے ، لیکن گزارہ کرنے کیلئے انہیں برگر بنانے اور کافی شاپس پر نوکریاں کرنی پڑیں۔ اس دوران وہ اپنے دوست کے ساتھ ملکر ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور اپنے یوٹیوب چینل پر کامیڈی سکیچ اور چھوٹی ہارر ویڈیوز بناتے رہے ۔ بارکر کا کہنا ہے کہ اس سفر نے مجھے سکھایا کہ سوشل میڈیا پر پہلے 3 سیکنڈ میں ناظرین کی توجہ کیسے حاصل کی جاتی ہے ، اور یہی تجربہ فلم میں کام آیا۔مقبول ترین فلم ’’اوپن ہائیمر‘‘کے آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر کرسٹوفر نولان نے اس کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان سوشل میڈیا کریئٹرز فلمی دنیا کے شاندار مستقبل کی نوید ہیں۔اس شاندار کامیابی کے بعد بڑی فلمی کمپنیوں نے کری بارکر کو گھیر لیا ہے ۔ محض 26 سال کی عمر میں اس بڑی کامیابی پر خود بارکر بھی حیران ہیں اور کہتے ہیں کہ میرے پاس اب اتنے زیادہ آپشنز ہیں کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ اگلا پروجیکٹ کون سا شروع کروں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments