تازہ اسپیشل فیچر

پی ایس ایل 7:غیر ملکی کھلاڑی پاکستانی ثقافت دیکھنے کے منتظر

کرکٹ

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) اپنے آغاز سے ہی دنیا بھر کے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہترین اور موزوں پلیٹ فارم رہا ہے۔

پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے غیرملکی کھلاڑی ہمیشہ مقامی ٹیلنٹ کے معترف رہے ہیں جبکہ 2020 کے بعد جب سے لیگ پاکستان منتقل ہوئی ہے وہ پاکستان کی ثقافت اور تہذیب سے بھی خوب متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 7 بھی غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے پاکستان کی ثقافت، روایتی کھانوں، موسیقی کی دھنوں اور تہذیب سے روشناس ہونے کا سنہری موقع ہے۔ ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا جبکہ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اس حوالے سے غیرملکی کھلاڑیوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کچھ یوں کیا ہے:

جانسن چارلس

ویسٹ انڈین کرکٹر جانسن چارلس کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں، یہ ان کا دوسرا دورہ پاکستان ہے، وہ یہاں کے کھانوں اور ثقافت کے رنگوں کو دیکھنے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر اپنے سکواڈ میں منتخب کرنے پر ملتان سلطانز کے مشکور ہیں اور اپنی ٹیم کے پرانے ساتھیوں کو فیفا گیمز میں ہرانے کے لیے تیار ہیں۔

ایلکس ہیلز

انگلش کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز ایلکس ہیلز کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ بہت معیاری لیگ ہے، یہاں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے والے کھلاڑیوں، خصوصاً فاسٹ باؤلرز بہت مسابقتی کرکٹ کھیلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کرنے کے لیے پرجوش ہوں ، پہلی مرتبہ پی ایس ایل 4 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان میں کرکٹ کھیلی تھی اور مجھے پاکستان کی کرکٹ کنڈیشنز بہت پسند ہیں۔

رائیلی روسو

جنوبی افریقی کرکٹر رائیلی روسو کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل سے ان کی بہت سے یادیں وابستہ ہیں، ہر سال یہاں بہترین ساتھی ملتے ہیں، یہ ایک بہت مسابقتی ٹورنامنٹ ہے جو دل کے بہت قریب ہے اور اس سیزن میں ایک نئے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہیں۔

کرس جارڈن

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر کرس جارڈن کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ایک مسابقتی لیگ ہے اور انہیں اس میں شرکت کرنا بہت پسند ہے، وہ کراچی کنگز میں واپسی پر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کا سکواڈ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، آخری مرتبہ جب کراچی کنگز کے ساتھ تھا تو ٹیم نے ٹائٹل جیتا تھا۔

کولن منرو

نیوزی لینڈ کے کرکٹر کولن منرو کا کہنا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل میں شرکت کے لیے بہت پرجوش ہیں، لیگ کو پاکستان میں ایک خاص مقام حاصل ہے، یہاں کے فینز بہت پرجوش اور کرکٹ کے بارے میں بہت معلومات رکھتے ہیں۔

لوئس گریگری

برطانوی کرکٹر لوئس گریگری کا کہنا ہے کہ وہ ماضی میں بھی پی ایس ایل میں شرکت کرنا پسند کرتے تھے، اس مرتبہ کراچی کنگز کا حصہ ہیں، جہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔