جبل رحمت:جہاں آدم ؑ و حوا ؑ کی توبہ قبول ہوئی
جبل رحمت یا رحمت کا پہاڑ میدان عرفات میں واقع ہے ۔ یہ میدان مکہ مکرمہ شہر کے مشرق میں ...
مکہ مکرمہ، اسلام آباد (خصوصی وقائع نگار) جبل رحمت یا رحمت کا پہاڑ میدان عرفات میں واقع ہے ۔ یہ میدان مکہ مکرمہ شہر کے مشرق میں 15کلو میٹر کے فاصلے پر ہے ـ یہ وہ مقام ہے جہاں جنت سے نکالے جانے کے 200 سال بعد حضرت آدم ؑ اور حوا علیہما السلام کی دوبارہ ملاقات ہوئی تھی اور انہوں نے ایک دوسرے کو پہچان لیا تھا۔ اسی نسبت سے اس جگہ کا نام عرفات (پہچاننا) ہے۔ یہاں واقع جبل رحمت پر انہوں نے اللہ تعالیٰ سے توبہ کی اور ان کی توبہ قبول ہوئی۔ اسی واقعہ کی یاد تازہ کرنے کے لئے میدان عرفات میں آ کر کچھ دیر ٹھہرنے اور توبہ اور استغفار کرنے کو حج کا لازمی رکن قرار دیا گیا ہے۔ مسجد نمرہ میدان عرفات میں واقع ہے۔ اس کا کل رقبہ ایک لاکھ 24ہزار مربع میٹر ہے اور اس میں بیک وقت تین لاکھ افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔ یہ مسجد سال میں صرف ایک مرتبہ ہی کھولی جاتی ہے ، جہاں 9 ذوالحجہ کو لاکھوں افراد ظہر اور عصر کی نمازیں اکٹھی اور قصر ادا کرتے ہیں۔