مشرق وسطیٰ جنگ ،دنیا بھر میں توانائی کی بچت کیلئے اقدامات
انڈونیشیا میں فیول راشن ،لتھوانیا میں ریلوے ٹکٹ آدھی ،ایتھوپیامیں ترجیحی نظام نافذ
جکارتہ،ادیس ابابا،کولمبو (اے ایف پی)مشرق وسطیٰ جنگ کے باعث دنیا بھر میں توانائی کی بچت کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ،انڈونیشیا نے پٹرول کی تقسیم کے لیے راشن بندی اور سرکاری ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا حکم دیا ہے ، تاکہ توانائی کے ذخائر کو محفوظ رکھا جا سکے ۔معاشی امور کے وزیر ایئرلنگگا ہارتارتو نے کہا کہ نجی صارفین کے لیے فی گاڑی یومیہ50لٹر کی حد مقرر کی جائے گی۔لتھوانیا نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ریلوے کے ٹکٹوں کی قیمت نصف کر دی ۔ایتھوپیا نے اعلان کیا ہے کہ ایندھن کی کمی کے دوران فیول سٹیشنوں پر عوامی نقل و حمل کی گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
عوام کو ایندھن کی بچت کرنے ، پیدل چلنے اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ایتھوپیا نے تیل ایندھن کی فراہمی میں ترجیحی نظام نافذ کر دیا ہے ۔ حکومت نے اہم اشیا کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں، ٹریکٹرز اور عوامی ٹرانسپورٹ کو ایندھن کی فراہمی میں اولین ترجیح دینے کا اعلان کیا۔سری لنکا نے رات کیلئے شمسی توانائی اسٹوریج منصوبہ شروع کر دیا۔۔ یورپی یونین نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطیٰ کے جنگ کے باعث بڑھتی ہوئی توانائی کی قیمتوں کے تناظر میں ایندھن کی مقامی طلب کو کم کرنے کی کوشش کریں۔