بھارتی گلوکار نے کنسرٹ کے دوران مداح پر تھوک دیا
حیدر آباد(آئی این پی)بھارتی گلوکار ارپت بالا کی لائیو کنسرٹ کے دوران مداح پر تھوکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ واقعہ حیدرآباد کے کنگڈوم کلب اینڈ کچن میں پیش آیا جہاں ارپت بالا کی پرفارمنس کے دوران ایک شخص نے مبینہ طور پر ایک خالی بوتل سٹیج پر پھینک دی جس سے گلوکار کی پرفارمنس متاثر ہوئی۔اس غیر متوقع عمل کی وجہ سے ارپت بالا کو اپنی پرفارمنس درمیان میں روکنی پڑ گئی۔ گلوکار نے سامعین سے سوال کیا کہ سٹیج پر یہ بوتل کسی نے پھینکی ہے ؟جب سٹیج پر بوتل پھینکنے والے شخص کی نشاندہی ہو گئی تو ارپت بالا غصے سے بوتل واپس اس کی طرف پھینکتے اور تھوکتے نظر آئے اور کہا کہ میرے شوز میں اس طرح کے رویے کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔