ایل پی جی کا گھریلوسلنڈر923.71روپے مہنگا:قیمت میں78.28روپے کا اضافہ
مارچ کے مقابلے میں قیمت 34.66فیصد بڑھی ، نئی قیمت 304روپے 12پیسے کلو مقرر،گھریلوسلنڈر3588کاہوگیا لاہور میں ایل پی جی مافیاکا راج ،مصنوعی قلت پیداکرکے ریٹ مزید بڑھادیا،ایل پی جی 420روپے فی کلو تک بکنے لگی
اسلام آباد ،لاہور(کامرس رپورٹر،اپنے کامرس رپورٹر سے )امریکا اسرائیل کی ایران پر مسلط کی گئی جنگ سے مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے اثرات پٹرولیم مصنوعات پر واضح نظر آنے لگے ،خام تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد پاکستان میں ایل پی جی کی قیمت میں 78 روپے 28 پیسے فی کلو کا بڑا اضافہ ہوگیا اور نئی قیمت 304 روپے 12 پیسے کلو مقرر کردی گئی ، اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ 11.8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر 923 روپے 71 پیسے مہنگا ہو گیا اوراس کی نئی قیمت 3 ہزار 588 روپے ہو گئی ،یہ سلنڈر مارچ میں 2 ہزار 664 روپے کا تھا۔ مارچ کے مقابلے میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 34.66 فیصد اضافہ ہوا ۔ ایل پی جی کی قیمتوں کا تعین اوگرا ہر ماہ کرتا ہے ،نئی قیمت کا اطلاق ہوگیاہے ۔ پاکستان کاایل پی جی کیلئے زیادہ تر انحصار درآمدات پر ہے ۔ لاہور میں ایل پی جی بیچنے والوں نے قیمت میں اضافے کیساتھ ساتھ ریٹ میں خودساختہ اضافہ بھی کردیا ۔
ایل پی جی 400سے 420 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے ،ایل پی جی مافیا مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتوں میں اضافہ کررہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے ، غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگیا ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پلانٹس سے 382 سے 390 روپے تک ایل پی جی مل رہی ہے ، اس غیر یقینی صورتحال کے باعث متعدد دکانیں بند ہوچکی ہیں۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملک میں ایل پی جی وافر مقدار میں موجود ہے ،حکومت مافیا کے خلاف کارروائی کرے ،چھوٹے دکاندار خود مسائل کا شکار ہیں ان کی پکڑ دھکڑ بند کی جائے ۔ قدرتی گیس اور ایل این جی کی کمی کے باعث ایل پی جی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا، لاہور ڈویژن میں یومیہ 14 سو سے 15 سو اور ملک بھر میں ڈیمانڈ 7 سے 8 ہزار ٹن ہے ۔پاکستان ایران سے زمینی راستے سے ایل پی جی درآمد کرتا ہے ،پاکستان ایل پی جی زیادہ تر کویت سے منگواتاہے اس کے علاؤہ دیگر خلیجی ممالک سے بھی درآمد کرتا ہے ۔