وزیراعظم کی پٹرولیم سمگلنگ،ذخیرہ اندوزی کیخلاف سخت اقدامات کی ہدایت
بچت کر کے عام عادمی کو 129ارب کا ریلیف دیا، آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رہیں گے :شہباز شریف بلاول بھٹو کی ملاقات، کفایت شعاری پر پارٹی تجاویز دیں، وزیراعظم کی قیادت ،حکومتی پالیسیوں کی تعریف
اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں میں وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کئے اور آئندہ بھی غریب طبقے کے ریلیف کے لئے اقدامات جاری رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہار خطے کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کم آمدنی والے طبقات کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں ریلیف پہنچانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور بچت کے مختلف اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپے کا ریلیف دیا۔
وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی باقاعدگی سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے ۔دریں اثنا شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔حکومتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو کفایت شعاری پالیسی سے متعلق اپنی جماعت کی تجاویز دیں۔ملاقات کے دوران گفتگو میں پاکستان کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کے لئے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آخر میں بلاول بھٹو نے مشکل حالات میں وزیراعظم کی قیادت اور حکومتی پالیسیوں کی تعریف کی۔