نندی پور پراجیکٹ 10سال کیلئے چینی کمپنی کے حوالے

  نندی پور پراجیکٹ 10سال کیلئے چینی کمپنی کے حوالے

پاور پلانٹ میں تقریب کاانعقاد ،2یادگاری پودے بھی لگائے گئے

گوجرانوالہ(احتشام شامی /سپیشل رپورٹر)نندی پور پاور پراجیکٹ کو 10سال کیلئے چینی کمپنی حیپسک کے حوالے کردیا گیا،پاور پلانٹ میں گزشتہ روز اس سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی جس میں نندی پور پاور پلانٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان اور چینی کمپنی کے افسروں نے شرکت کی،تقریب میں پاور پلانٹ کے آپریشنل و انتظامی معاملات کو باقاعدہ طور پر نجی چینی کمپنی کے حوالے کردیا گیا۔ اندرونی و بیرونی سکیورٹی کے سٹاف کی تعیناتی اور انہیں تنخواہوں کی ادائیگی پاکستانی حکومت کے ذمے ہوگی۔ فریقین کے درمیان معاہدہ 6فروری 2017کو طے پایا تھا جس پر گزشتہ روز عمل درآمد کیا گیا ہے اور یہ معاہدہ 5جنوری 2028تک چلے گا۔ معاہدے کے مطابق پاکستانی حکومت ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی کو66پیسے فی کلو واٹ کے حساب سے رقم ادا کرے گی، اور اگر نندی پور کی چاروں ٹربائنیں 24گھنٹے بجلی پیدا کریں تو کمپنی کو لگ بھگ 25 کروڑ روپے ماہانہ ادا کرنا ہوں گے ۔پاور پلانٹ میں اس موقع پر دو یادگاری پودے بھی لگائے گئے ۔ ذرائع کے مطابق چینی کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ وزارت پانی و بجلی کے جن افسروں کا نندی پور میں تقرر کیا جائیگا ان کو پہلے انٹرویو کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔ پیپکو کی طرف سے جن انجینئروں و افسروں کی فہرستیں چینی کمپنی کے حوالے کی گئی تھیں ان میں سے بعض کے گزشتہ روز بورڈ آف ڈائریکٹرزاور چینی کمپنی کے سینئر نمائندوں نے انٹرویو کئے ، دیگر سٹاف کے انٹریو بعد میں کئے جائیں گے ،چینی کمپنی جن ملازمین کو فارغ کرے گی ان کے واجبات اداکرنے کی پابند ہوگی۔ چینی کمپنی کے افسروں نے پاور پلانٹ کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ بھی کیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔یاد رہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کو 10سال کیلئے چینی کمپنی حیپسک کو ٹھیکے پر دینے کے 97صفحات پر مشتمل معاہدے پر وزارت پانی و بجلی کے جوائنٹ سیکرٹری ظفر اقبال، جنکو پاور سٹیشن مظفر گڑھ کے سی ای او ندیم ربانی اور چینی کمپنی کے سربراہ اور ان کے دو افسروں کے دستخط موجود ہیں۔ گزشتہ روز کی تقریب میں سی ای او جنکو ہولڈنگ میاں عمران، سی ای او جنکو تھری مظفر گڑھ اصغر قریشی،فنانس ڈائریکٹر جنکو تھری مسعود احمد، جی ایم نیسپاک حسیب خان اور اختر میو، پیپکو کے سینئر افسر تبریز شامی، نندی پور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر نیاز میمن اور دیگر شریک تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں